جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا، 4 خوارج جہنم واصل

جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا، 4 خوارج جہنم واصل

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی جانب سے چیک پوسٹ پر کیے گئے بڑے حملے کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے چار دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔

دوسری جانب دہشت گرد بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دھماکا خیز مواد سے لدی گاڑی کو چیک پوسٹ کی حدود سے باہر ہی تباہ کر دیا، جس کے باعث بڑا نقصان ٹل گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  ابتدائی کارروائی کے بعد کیے گئے کلیئرنس آپریشن میں قریبی عمارت میں چھپے مزید تین دہشت گردوں کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں پوری کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ علاقے میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی، جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔