پاکستان
خلاصہ
- راولپنڈی:(دنیا نیوز) راولپنڈی سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس میں مختص ایک بوگی نہ لگائے جانے پر مسافروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹرین کو چکلالہ ریلوے سٹیشن پر رکوا دیا۔
مسافروں نے ٹرین کے اندر احتجاج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان سے مخصوص بوگی کے ٹکٹ وصول کیے گئے، تاہم روانگی کے وقت وہ بوگی ٹرین کے ساتھ نہیں لگائی گئی جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
احتجاج کے باعث چکلالہ ریلوے سٹیشن پر صورتحال کشیدہ ہوگئی جس پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی۔
بعد ازاں ریلوے حکام نے مسافروں سے مذاکرات کیے اور وضاحت دی کہ متعلقہ بوگی کو تکنیکی خرابی کے باعث ٹرین سے الگ کیا گیا تھا تاکہ مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ مسافروں کو اعتماد میں لینے اور صورتحال معمول پر آنے کے بعد گرین لائن ٹرین کو کراچی کے لیے اپنی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔