پُرتشدد جتھے کے عزائم ناکام بنا دیئے، کشمیر کاز کو نقصان نہیں پہنچنے دینگے: عطا تارڑ

پُرتشدد جتھے کے عزائم ناکام بنا دیئے، کشمیر کاز کو نقصان نہیں پہنچنے دینگے: عطا تارڑ

وزیر اطلاعات نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے شرپسند عناصر کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پُرتشدد جتھوں کو کشمیر کی ترقی اور پرامن انتخابات ہضم نہیں ہوئے جبکہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کامیاب انتخابات کو متنازع بنانے کی ناکام کوشش کی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پرتشدد جتھے کے ارکان سے ممنوعہ اسلحہ برآمد ہوا، تاہم آزاد کشمیر کے انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا اور میرپور ڈویژن میں 6 لاکھ ووٹ کاسٹ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے اور حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کی تحریک حقوق دلانے کی نہیں بلکہ حقوق چھیننے کی تحریک ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس پرتشدد تحریک میں ملکی اور غیر ملکی عناصر شامل ہیں اور احتجاج کی آڑ میں دہشت گردی کی جا رہی ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عوامی احتجاج میں اسلحہ استعمال نہیں ہوتا، یہ عناصر کشمیری عوام سے ان کے ووٹ کا حق چھیننا چاہتے ہیں جبکہ کشمیری عوام نے ووٹ کی طاقت سے اپنا فیصلہ واضح کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 38 میں سے 37 مطالبات پہلے ہی تسلیم کیے جا چکے ہیں، اس لیے احتجاج بلاجواز ہے۔

ان کے مطابق پرتشدد احتجاج کے ذریعے انتخابات رکوانے کی کوشش کی گئی، تاہم عزائم ناکام ہونے پر شرپسند عناصر فساد پر اتر آئے۔