خلاصہ
- اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے 5 اگست یوم استحصال پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ 5 اگست بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی سیاہ یاد ہے، اس روز بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے کی ناکام کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019ء کے اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جبر، محاصرے اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو شکست نہیں دے سکا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا حق خودارادیت ہر قیمت پر تسلیم ہونا چاہیے، مسئلہ جموں و کشمیر کا واحد پائیدار حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق استصواب رائے ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو ہر اہم بین الاقوامی فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کر رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کشمیر کاز پر ثابت قدم ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کشمیر کے معاملے پر یکساں موقف رکھتی ہے، بھارت کو حقائق تسلیم کرتے ہوئے کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہے، پاکستان انصاف پر مبنی امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور حق خودارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔