لندن: بھارتی سفارت خانے کے سامنے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر بھرپور احتجاج

لندن: بھارتی سفارت خانے کے سامنے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر بھرپور احتجاج

احتجاجی مظاہرے میں کشمیری اور پاکستانی پرچموں کے ساتھ بڑی تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی، بزرگ، خواتین، بچے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی مظاہرے میں بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

مظاہرین نے بھارتی قبضے کے خلاف شدید نعرے بازی، اور کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیا، شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان؛ بھارتی جارحیت مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مظاہرین نے کہا کہ 5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت ختم کرنے کی کوشش کی، بھارتی سفارت خانہ پاکستان اور کشمیر مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے، کشمیری اور پاکستانی ایک جان دو قالب ہیں۔

مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی احتجاج میں بھرپور شرکت کی، مطاہرین نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، اور کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رہے گی۔