پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پاکستان کے یومِ آزادی کی شاندار تقریب

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پاکستان کے یومِ آزادی کی شاندار تقریب

چیئرمین کشمیر کمیٹی، رانا محمد قاسم نون نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے بڑی تعداد میں افراد، میڈیا کے نمائندگان اور پاکستان ہائی کمیشن کے افسران نے اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ شرکت کی۔

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ پاکستان کا پرچم لہرایا، خصوصی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

اپنے خطاب میں ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے قوم کے بانیان کے وژن اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، انہوں نے قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت کو سراہتے ہوئے ان تمام مرد و خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کے غیر متزلزل اتحاد، جدوجہد اور ثابت قدمی نے پاکستان کی آزادی کو ممکن بنایا۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی محنت، لگن اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیرکے عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد کی حمایت کی اور پاکستان کے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہاکہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو یہ حق حاصل ہے۔

تقریب کے دوران قومی نغموں، برطانوی پاکستانی سوپرانو گلوکارہ سائرہ پیٹر کی شاندار گائکی اور بچوں کی بھرپور شرکت نے یومِ آزادی کی تقریبات کو مزید پُرجوش، پروقار اور رنگا رنگ بنا دیا۔

تقریب کے اختتام پر ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے معزز مہمانوں کے ہمراہ پاکستان کے یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا۔