آسٹریلوی خواجہ سرا سے فراڈ کرنے والے باپ بیٹے کیخلاف مقدمہ درج

آسٹریلوی خواجہ سرا سے فراڈ  کرنے والے باپ بیٹے کیخلاف مقدمہ درج

پولیس کے مطابق عثمان نامی نوجوان کا ٹک ٹاک کے ذریعے آسٹریلوی نژاد خواجہ سرا سے رابطہ ہوا، آسٹریلوی شہری دو مرتبہ پاکستان آیا، جہاں ملزم عثمان نے مبینہ طور پر اس کے ساتھ نکاح کا جعلی نکاح نامہ تیار کروایا۔

حکام کا کہنا تھا کہ ملزم عثمان اور اس کے ساتھیوں نے مبینہ طور پر آسٹریلوی شہری کے اکاؤنٹ سے 4 کروڑ روپے سے زائد رقم اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کروائی، آسٹریلوی شہری نے پاکستان سے واپس جانے کی کوشش کی تو ملزمان نے مبینہ طور پر اسے زبردستی روک لیا۔

مقدمے کے متن میں لکھا گیا کہ ملزمان نے آسٹریلوی شہری کو واپس بھیجنے کے عوض مزید رقم اور اپنے لیے ویزوں کا مطالبہ بھی کیا، آسٹریلوی شہری مبینہ حراست سے یکم جون کو فرار ہو کر لاہور پہنچ گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ آسٹریلوی شہری کی درخواست پر تھانہ لدھیوالہ وڑائچ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عثمان اور اس کے والد کو حراست میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب تفتیشی حکام کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے دیگر پہلوؤں، رقم کی منتقلی، جعلی نکاح نامے اور مبینہ حبس بے جا کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔