اسحاق ڈار کی سیکرٹری جنرل آئی ایم او سے ملاقات، پاکستانی ملاحوں کی رہائی پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار کی سیکرٹری جنرل آئی ایم او سے ملاقات، پاکستانی ملاحوں کی رہائی پر تبادلہ خیال

برطانیہ کے شہر لندن میں اسحاق ڈار نے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او)کے سیکرٹری جنرل ارسینیو ڈومنگیز سے ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم او کے درمیان تعاون، سمندری تحفظ، سلامتی، عالمی بحری معیارات اور پاکستان کے بحری شعبے کی ترقی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اسحاق ڈار نے آئی ایم او کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے محفوظ، مؤثر اور منظم بین الاقوامی بحری نقل و حمل کے لیے ادارے کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے ایم ٹی آنر 25 پر یرغمال بنائے گئے 10 پاکستانی ملاحوں کی بحفاظت رہائی کے لیے جاری کوششوں میں آئی ایم او سیکرٹری جنرل کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔

نائب وزیراعظم نے پاکستانی ملاحوں کی جلد اور بحفاظت واپسی کے لیے فوری اور مؤثر ادارہ جاتی مداخلت پر زور دیا۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میری ٹائم گورننس کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی بحری معیارات پر عمل درآمد اور ملکی بلیو اکانومی کو مزید ترقی دینے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔