پنجاب میں تحصیل کی سطح پر الیکٹروبس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

پنجاب میں تحصیل کی سطح پر الیکٹروبس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

ہر تحصیل کے لیے مخصوص الیکٹروبس ڈپو کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، جبکہ تحصیل الیکٹروبس سروس کے لیے پہلا بیچ جنوری 2027 میں لاہور پہنچے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مختلف اضلاع میں مزید الیکٹروبسوں کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی۔

پنجاب بھر میں جون 2027 تک 3 ہزار الیکٹروبسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ستمبر تک الیکٹروبس سروس کا پہلا فیز مکمل کرنے کا ٹارگٹ ہے۔

ملتان کی 9 تحصیلوں میں 169، ساہیوال کی 4 تحصیلوں میں 87، بہاولپور کی 11 تحصیلوں میں 215، ڈی جی خان کی 10 تحصیلوں میں 63، فیصل آباد کی 12 تحصیلوں میں 202 اور سرگودھا کی 14 تحصیلوں میں 198 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔

گوجرانوالہ کی 7 تحصیلوں میں 125، گجرات کی 8 تحصیلوں میں 122 جبکہ راولپنڈی کی 16 تحصیلوں میں 219 الیکٹروبسیں چلیں گی۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں 612 الیکٹروبسیں مکمل طور پر آپریشنل ہیں اور روزانہ لاکھوں شہری ان سے مستفید ہورہے ہیں۔ ملتان سمیت دیگر اضلاع میں مزید 192 الیکٹروبسیں چند روز میں فنکشنل ہوجائیں گی۔

سرگودھا، ساہیوال، فیصل آباد، لاہور، مظفرگڑھ، راولپنڈی، جھنگ، بہاولپور، رحیم یار خان اور اٹک سمیت دیگر اضلاع کو مزید الیکٹروبسیں فراہم کی جائیں گی۔ بھکر، حافظ آباد، خانیوال، چنیوٹ، لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، مری، گجرات اور شیخوپورہ میں بھی اضافی الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔

منڈی بہاؤالدین، وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ صاحب، نارووال، گوجرانوالہ اور ملتان میں بھی مزید بسیں فراہم کی جائیں گی۔

فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے، جبکہ لاہور میٹروبس سروس کے 25 اسٹیشنز کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ بھی زیر تکمیل ہے۔