خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی تیاری کر رہی ہے، ابھی بھی ان کے پاس وقت ہے بند گلی میں نہ جائیں، وفاقی دارالحکومت پر دھاوا بولنے کی کوشش کرنے والوں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر دھاوا بولنے کا کسی کو فائدہ نہیں ہوگا، اس بار یہ نہیں ہوگا کہ وہ آئیں اور ملک 10 سے 20 روز کیلئے بند ہو جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کے زیادہ تر لوگ لانگ مارچ نہیں کرنا چاہتے، ابھی وقت ہے اس بند گلی میں نہ جائیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہ ہو، اس طرح کے ڈراموں سے کوئی چیز حاصل نہیں ہو سکتی، اس بار مستقل لائحہ عمل بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مشورہ ہے اپنا اور اپنے لوگوں کا نقصان نہ کریں، سومنات والی بڑھکوں سے فرق نہیں پڑتا، لانگ مارچ کیلئے آتے ہیں تو اس دفعہ کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پھر بھی دھرنے کیلئے آتی ہے تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عمل کریں گے، پی ٹی آئی والوں کو خود معلوم نہیں کہ ان کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر ان کا مطالبہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے چیک اپ کا ہے تو وہ کل رات بھی ہوا، بانی پی ٹی آئی کے علاج کیلئے قانون کے مطابق ہر چیز کریں گے، ان کے کہنے پر بانی کا چیک اپ نہیں ہوگا، پی ٹی آئی والوں کو بانی کے چیک اپ سے متعلق بتانے کی ضرورت نہیں، بڑھکیں مارنے والوں کو بولنے دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہنگو کے شہداء کے جناروں میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور نہ کوئی وزیر شریک ہوا، سیاسی اختلافات جتنے مرضی ہوں، لیکن اتنی انتہا پر جاتے نہیں دیکھا، جنازے میں شرکت نہ کرنا، کیا یہ لوگ اتنے بے حس ہوگئے ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ سے منسلک ہے، عوام نئے صوبوں کے قیام کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں، اگر اللہ نے چاہا تو نئے صوبے ضرور بنیں گے۔