خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی۔
صدرِ مملکت نے سعودی قیادت کے نام اپنے تہنیتی خطوط میں نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدے، تاریخ، دوستی، باہمی اعتماد اور یکجہتی کے گہرے رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ تزویراتی باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ دیرینہ شراکت داری میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، جو خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دونوں برادر ممالک اپنے قریبی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جو ٹھوس تعاون اور دوطرفہ، علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر باہمی حمایت سے عبارت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات دونوں ممالک اور عوام کے باہمی مفاد میں مختلف شعبوں میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ مناسب اور جلد تاریخ پر ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا پاکستان میں خیرمقدم کرنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان اور سعودی عرب نے سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت اور باہمی تعاون کا عکاس ہے۔
وزیراعظم نے حوثی حملوں، بالخصوص مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں بھی مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔