خلاصہ
- دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں پاکستانی صحافتی فورمز پی جے ایف یو اے ای اور پی ایف یو جے یو اے ای کے زیر اہتمام متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور حاکم دبئی ہز ہائینس شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے بھائی ہز ہائینس شیخ احمد بن راشد المکتوم کے ایصالِ ثواب کیلئے تعزیتی ریفرنس اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی، بزنس شخصیات، صحافیوں اور مختلف سماجی و پیشہ ورانہ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تعزیتی اجتماع میں شرکا نے ہز ہائینس شیخ احمد بن راشد المکتوم کی دبئی اور متحدہ عرب امارات کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور آل مکتوم خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ مرحوم کی شخصیت خدمت، رواداری، قیادت اور یو اے ای کی ترقی کے سفر کی عکاس تھی، جبکہ ان کی وفات دبئی اور متحدہ عرب امارات کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔
تقریب میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کے صدر شبیر مرچنٹ، پاکستان بزنس کونسل دبئی کے میڈیا اینڈ ایونٹ ڈائریکٹر افتخار علی تتلہ، پاکستان جرنلسٹ فورم کے صدر طاہر منیر طاہر، پی ایف یو جے یو اے ای کے صدر خالد ملک، جنرل سیکرٹری انصر اکرم، سینئر نائب صدر رانا کاشف اقبال، معروف صحافی مظفر رضوی، پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چوہدری، میمن لیڈرز فورم کے چیئرمین اقبال ایڈوانی، پی ایف یو جے یو اے ای کے فاؤنڈر اور دنیا نیوز کے یو اے ای بیورو چیف سید مدثر خوشنود سمیت دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکا نے کہا کہ یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دکھ کی اس گھڑی میں ہر دل عزیز اماراتی قیادت، دبئی کے عوام اور آل مکتوم خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام کے درمیان احترام، محبت اور اخوت کا رشتہ ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور پاکستانی کمیونٹی متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ اپنی دلی وابستگی، احترام اور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
تعزیتی نشست کے دوران مرحوم کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اللہ تعالیٰ سے ان کی مغفرت، درجات کی بلندی، آل مکتوم خاندان کے لیے صبر و استقامت اور متحدہ عرب امارات کے لیے امن، ترقی اور استحکام کی دعا کی گئی۔ شرکا نے کہا کہ دعا اور تعزیت کے ایسے اجتماعات کمیونٹی کے درمیان باہمی احترام، یکجہتی اور مثبت روابط کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔
تقریب کے موقع پر معروف صحافی سعدیہ عباسی کو عمرہ کی ادائیگی کے بعد یو اے ای واپسی پر خصوصی عشائیہ بھی دیا گیا، جس میں صحافی برادری، بزنس رہنماؤں اور کمیونٹی نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکا نے اس اجتماع کو پاکستانی میڈیا کمیونٹی، بزنس قیادت اور سماجی شخصیات کے درمیان رابطوں کے فروغ کے لیے اہم موقع قرار دیا۔
پی جے ایف یو اے ای اور پی ایف یو جے یو اے ای کے نمائندوں نے تمام مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دعا، تعزیت اور باہمی احترام پر مبنی ایسے اجتماعات متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت، باوقار اور ذمہ دار کردار کو اجاگر کرتے ہیں۔