خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے کورنگی کے علاقے خاص طور پر صنعتی علاقے میں پروجیکٹس کو کاٹی نے سراہا ہے۔
وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کاٹی کے ایوارڈ اور ڈنر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی کے تمام روڈز، صنعتی علاقوں کے روڈز اور برجز سندھ حکومت کی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے آٹزم کے شکار بچوں کے لئے سکول بھی کورنگی میں قائم کیا ہے، جلد کاٹی کو ایک سنارکل دیں گے، ییلو لائن کی تعمیر کاٹی کے دوستوں کے مشورے سے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورنگی کے علاقے میں سندھ حکومت نے امن امان بہتر کرنے کیلئے کاٹی کے دوستوں کے مشورے سے اقدامات کئے، کچے میں امن امان کے مسئلے نے ہمیں پریشان کیا لیکن آخر کار سندھ حکومت نے امن بحال کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پانی کا مسئلہ کاٹی کے علاقے کیلئے جلد حل کریں گے، کاٹی کو 2 ارب روپے دیئے تاکہ ان کی سڑکوں کی تعمیر ہو سکے، سندھ حکومت پر سست روی پر الزام لگتے ہیں لیکن کاٹی کو 6 مہینے پہلے دو ارب روپے ملنے کے باوجود کام شروع نہیں ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کاٹی کے نئے عہدیداروں کو مبارکباد دی، وزیراعلیٰ سندھ نے صنعتکاروں کو سیاست سے دور رہنے کا مشورہ دیا اور کہا صنعتکار سیاستدانوں پر سیاست چھوڑیں اور صنعتی ترقی پر توجہ دیں۔