خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا پی ٹی آئی لانگ مارچ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، گورنر راج اور ایمرجنسی کی شقیں آئین میں موجود ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا فوکس اڈیالہ اور ڈی چوک پر ہے، صوبہ دہشت گردوں کے حوالے ہے، بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ اور نااہل شخص ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف پیٹیشن جمع کرائی ہے، پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو کوئی نوٹس نہیں دیا، علی امین گنڈا پور کے کہنے پر شیر افضل مروت عدالت گئے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ کبھی نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آئیں، جب بانی جیل سے باہر آئے گا تو ان کے سونے کے انڈے دینے والی مرغی ذبح ہوجائے گی۔ جنید اکبر نے خود کہا جنہوں نے بانی کے نام پر کمایا وہ ابھی خرچہ کریں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے، صوبائی حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی، یہ آج بھی کہتے ہیں افغانستان سے بات چیت ہونی چاہیے، انہوں نے کبھی دہشت گردوں کے خلاف قرارداد پاس کرائی ہے؟
انہوں نے کہا کہ جب بھی صدر مملکت صوبے کی بہتری کے لیے سوچیں گے بہتر ہوگا، ڈسکشن کی ضرورت ہی نہیں، جو صدر مملکت کہیں گے اس پر عملدرآمد ہوگا۔ خیبرپختونخوا جل رہا ہے، شام کے بعد کوئی گھوم نہیں سکتا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعظم نے متعدد بار مذاکرات کی دعوت دی ہے، پی ٹی آئی میں کون سا بندہ ہے جس سے بات کی جائے؟ پی ٹی آئی میں چار سے پانچ فرنچائز ہیں، کس سے بات کی جائے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 4 اکتوبر بھی آجائے گی، دیکھیں گے کتنے بندے نکلتے ہیں، وفاق کے ساتھ بیٹھیں، مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں، دہشت گردوں کے سہولت کار نہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی مکمل صحت مند ہیں، ملاقات کے بعد یہ مزید جلاؤ گھیراؤ کی بات کریں گے۔ پی ٹی آئی کو عدالت جانا چاہیے، اگر بانی بے گناہ ہیں تو انہیں ضمانت مل جائے گی۔