مونال ریسٹورنٹ گرانے کے سابق چیف جسٹس قاضی فائز کے فیصلے پر نظرثانی کا تفصیلی فیصلہ جاری

مونال ریسٹورنٹ گرانے کے سابق چیف جسٹس قاضی فائز کے فیصلے پر نظرثانی کا تفصیلی فیصلہ جاری

44 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا گیا، آئینی عدالت نے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد سی ڈی اے کی نظرثانی درخواستیں منظورکرلیں۔

 سپریم کورٹ کا 21 اگست 2024ء کا فیصلہ اور 10 ستمبر 2024ء کا ریویو فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، مونال سمیت دیگر ہوٹلز کی مسماری کا حکم کالعدم قرار دے دیا گیا۔

آئینی عدالت کے مطابق ریسٹورنٹ کی جگہ ملکیت، لیز اور کرائے کے متعلق تنازعات کا فیصلہ سول کورٹ کرے گی، حتمی فیصلہ سول کورٹ ثبوت و شہادتیں ریکارڈ کرنے کے بعد کرے گی۔

سپریم کورٹ کا لیز کو کالعدم قرار دینے کا حکم ختم کر دیا گیا ہے، مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تعمیراتی منصوبوں اور انتظامی امور سی ڈی اے کے قانونی دائرہ اختیار میں شامل قرار دیا گیا۔

عدالت نے وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے پاس جمع شدہ کرائے کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت کی، نیشنل پارک میں عوام کی تفریح، ریسٹ ہاؤسز اور ہوٹل یا عمارتوں کی تعمیر پر مطلق پابندی نہیں ہے۔

عدالت کے مطابق تعمیرات ماحولیاتی تحفظ کے قوانین کے مطابق ہوں، سول عدالت کو اس متعلق مقدمات کو یکجا کرنے کی ہدایت کی گئی، سول عدالت فریقین کو سن کر جلد از جلد قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔