کراچی کے لیے اضافی پانی کی فراہمی جلد شروع ہوجائے گی، مراد علی شاہ

کراچی کے لیے اضافی پانی کی فراہمی جلد شروع ہوجائے گی، مراد علی شاہ

شہرِ قائد میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ  کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے اضافی پانی کی فراہمی کا سلسلہ جلد شروع ہوجائے گا جب کہ شہر کی صنعتوں کے لیے 35 ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تاریخ کافی طویل ہے اور اسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا میئر کراچی کو منصوبے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت کے پاس مختلف منصوبوں کے افتتاح کی ایک طویل فہرست موجود ہے، تاہم اگر صرف افتتاح ہی کرتے رہیں گے تو عملی کام نہیں کر سکیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام کو منصوبوں سے فائدہ پہنچنا ہی حکومت کے لیے اصل افتتاح اور انعام ہے، انہوں نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کچھ بھی کہیں، پیپلز پارٹی انتخابات میں پہلے سے زیادہ نشستیں جیتتی ہے۔

مرتضی وہاب

اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ لیاری کے لیے 10 ملین گیلن پانی کا منصوبہ دیا جا رہا ہے، جبکہ مچھر کالونی، کلفٹن اور ڈی ایچ اے کے لیے بھی پانی کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے  مزید کہا کہ صنعتی علاقوں کی سڑکوں پر بھی کام جاری ہے اور پیپلز پارٹی اپنے منشور پر عملدرآمد پر یقین رکھتی ہے۔