کراچی میں فائرنگ اور بھتہ خوری کے واقعات میں اضافے پر ایم کیو ایم کا اظہار تشویش

کراچی میں فائرنگ اور بھتہ خوری کے واقعات میں اضافے پر ایم کیو ایم  کا اظہار تشویش

مرکزی کمیٹی کے مطابق پاک کالونی ماربل مارکیٹ میں کاروبار کی بندش اور تاجروں کا احتجاج شہر کی تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔

ارکان کا کہنا تھا  کہ بھتہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر نے تاجروں کا جینا محال کر رکھا ہے، جبکہ صرف پندرہ روز کے دوران بھتہ خوری اور فائرنگ کے تین سے زائد واقعات صوبائی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔

مرکزی کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ کراچی بھر، بالخصوص کاروباری علاقوں میں سرگرم بھتہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور پاک کالونی ماربل مارکیٹ سمیت تمام تجارتی مراکز کے تاجروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ تاجروں کے جان و مال کا تحفظ پولیس اور انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ سندھ فائرنگ اور بھتہ خوری کے واقعات کا فوری نوٹس لیں۔

مرکزی کمیٹی نے تاجر برادری کے جائز مطالبات اور احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کو خوف اور عدم تحفظ کے ماحول سے نجات دلانے کے لیے ہر جمہوری اور آئینی فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔