وفاقی محتسب قانونی شرائط نظرانداز کرکے پنشن دینے کا حکم نہیں دے سکتا: آئینی عدالت

وفاقی محتسب قانونی شرائط نظرانداز کرکے پنشن دینے کا حکم نہیں دے سکتا: آئینی عدالت

چیف جسٹس امین الدین خان کے تحریر کردہ بارہ صفحات کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پنشن کی درخواست مسترد ہونا بذاتِ خود بدانتظامی نہیں، قانونی اہلیت کے تنازع کو محض بدانتظامی کا نام دے کر محتسب کا دائرۂ اختیار نہیں بڑھایا جاسکتا۔

عدالت کے مطابق پنشن کے لیے عمومی طور پر کم از کم پندرہ سال کی شراکت درکار ہے، جبکہ درخواست گزار جاوید اقبال بھٹی کی بیمہ شدہ ملازمت چھ سال سے بھی کم تھی، یکم جولائی 2008 سے بیمہ شدہ ہونے کے باعث انہیں پانچ سال کی خصوصی رعایت بھی حاصل نہیں تھی۔

عدالت نے واضح کیا کہ پہلے دی گئی اڑتالیس ہزار روپے کی اولڈ ایج گرانٹ پنشن کا حق پیدا نہیں کرتی، فوائد کی اہلیت کے تنازعات ای او بی آئی قانون میں مقررہ طریقہ کار کے تحت طے ہوں گے، جبکہ بغیر دائرۂ اختیار جاری حکم، بعد کی توثیق سے قانونی حیثیت حاصل نہیں کرسکتا۔