سعودی عرب کی سلامتی کیلئے پُرعزم، حوثی ملیشیا حملے فوری بند کر دے: وزیراعظم

سعودی عرب کی سلامتی کیلئے پُرعزم، حوثی ملیشیا حملے فوری بند کر دے: وزیراعظم

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی مذمت کی اور سعودی عرب پر حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

شہباز شریف نے سعودی مسلح افواج اور اتحادی افواج کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور سعودی عرب پر متعدد بیلسٹک میزائل حملوں کو ناکام بنانے پر سعودی افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی کیلئے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے، پاکستان سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے، حوثی ملیشیا فوری طور پر سعودی عرب پر حملے بند کرے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان خطرات کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رہے گی۔