وزیرِ اعظم کی ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت

وزیرِ اعظم کی ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت

وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت وفاقی وزارتوں میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام کے نفاذ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ مرکزی ڈیٹا سینٹر حکومتی خدمات اور شہری سہولتوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا، ڈیجیٹل نیشن پاکستان کا مقصد شہریوں کو مؤثر اور باسہولت خدمات فراہم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام شعبوں اور حکومتی اداروں کے اعداد و شمار ایک جگہ دستیاب ہونے سے معاشی ترقی میں مدد ملتی ہے، ایندھن پر سبسڈی کی سکیم پر کامیاب عمل درآمد میں اداروں کی مشترکہ کوششوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔

وزیرِ اعظم کے مطابق وزارتوں کی ڈیجیٹائزیشن بدعنوانی اور ادارہ جاتی بدنظمی کی روک تھام میں معاون ہے۔

انہوں نے قومی سطح پر یکساں طبی ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے وزارتِ صحت کے اقدامات کو سراہا اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیو آر کوڈ کے نفاذ کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔