وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

640 میٹر طویل دو لین ڈوئل کیرج وے فلائی اوور 6.2 ارب روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائے گا، منصوبے میں 4.5 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر بھی شامل ہے۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ فلائی اوور انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی میں واضح بہتری آئے گی۔ 200 ارب روپے کے پشاور بحالی پلان پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے، آؤٹر رنگ روڈ پر کام کا بھی جلد افتتاح کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے ہمیشہ بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ہے، بانی کے وژن کے مطابق ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ پشاور سے ڈی آئی خان موٹروے بھی تعمیر ہوگی، رواں سال ترقیاتی کاموں کا سال ہوگا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ سیاسی قوتیں ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے بات کرتی ہیں، ہم نے نو ماہ انتظار کیا، ہمارا مطالبہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کے علاج کا ہے۔ بانی سے ملاقات اور علاج کا مطالبہ غیر آئینی یا غیر قانونی کیسے ہے؟ عدالتوں اور ججز کے احکامات پر عمل نہیں کیا جا رہا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کی دھمکیوں سے ڈرایا جا رہا ہے، معاملات اب باتوں سے آگے نکل چکے ہیں، ردعمل میری طرف سے نہیں بلکہ عوام کی جانب سے آئے گا۔ جمہوری ملک میں کوئی غیر جمہوری اقدام کرے گا تو عوام ردعمل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے بارے میں کوئی بات نہیں کی، ہماری صفوں میں اتحاد ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے غیر آئینی اجلاس بلایا، ہماری لڑائی ان سے نہیں جنہیں سامنے لایا گیا بلکہ ان لوگوں سے ہے جو انہیں لے کر آئے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ فوجی آپریشن نہیں ہونا چاہیے، آپریشن کی تجویز پر میرا یہی موقف ہوگا۔