خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی کے باعث لاہور سمیت ملک بھر کے ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن متاثر ہونے لگا، متعدد پروازیں تاخیر اور منسوخی کا شکار جب کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے متاثرہ مسافروں کی رہنمائی اور معاونت کے لیے خصوصی سہولت کاؤنٹر قائم کر دیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق سعودی عرب کے مختلف شہروں کے لیے براہ راست پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، جس کے پیش نظر ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سہولت کاؤنٹر انٹرنیشنل ڈیپارچر کے دروازے کے سامنے لیول ٹو پر قائم کیا گیا ہے، جہاں پروازوں کی منسوخی یا تاخیر سے متاثرہ مسافروں کو ضروری معلومات، رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے متعلقہ ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ پروازوں کی منسوخی یا تاخیر کی صورت میں اپنے نمائندے سہولت کاؤنٹر پر تعینات کریں تاکہ مسافروں کو پروازوں کی تازہ ترین صورتحال، روانگی کے نئے اوقات اور دیگر ضروری معلومات بروقت فراہم کی جا سکیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ ایئرلائنز کے نمائندے متاثرہ مسافروں کو ان کی پروازوں سے متعلق اپ ڈیٹس فراہم کریں گے، جبکہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا عملہ بھی کاؤنٹر پر موجود ہوگا تاکہ مسافروں کی رہنمائی اور ایئرلائنز کے ساتھ رابطے میں معاونت کی جا سکے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ایئرلائنز کو مسافروں کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنانے اور سہولت کاؤنٹر پر اپنے نمائندوں کی موجودگی برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ان اقدامات کا مقصد پروازوں کی منسوخی اور تاخیر سے متاثرہ مسافروں کی مشکلات کم کرنا اور انہیں بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
دوسری جانب پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل متعلقہ ایئرلائن سے اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال اور روانگی کے وقت کی تصدیق کر لیں۔