پی ٹی آئی سیاسی و کور کمیٹی کا مشترکہ اجلاس، گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ کی مخالفت

پی ٹی آئی سیاسی و کور کمیٹی کا مشترکہ اجلاس، گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ کی مخالفت

پشاور میں ہونے والے پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمر جنسی کے ممکنہ نفاذ کی مخالفت کرتے ہیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ گورنر راج یا ایمر جنسی کا نفاذ صوبے کے عوام کے جمہوری مینڈیٹ اور آئینی حقوق پر حملہ ہوگا، اس سے صوبے میں سیاسی کشیدگی اور عوامی بے چینی میں اضافہ ہوگا، ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کے آئینی حقوق، امن اور ترقی کا تحفظ ناگزیر ہے، ان علاقوں کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنے کا بنیادی مقصد ان کے حقوق کا تحفظ اور احساس محرومی کا خاتمہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کسی بھی اقدام کی مخالفت کی جائے گی جو ان مقاصد کے منافی ہو اور عوام میں مزید بے چینی پیدا کرے، پی ٹی آئی دہشت گردوں اور دہشت گردی کی ہر شکل کی غیر مشروط مذمت کرتی ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اختیار کیے جانے والے طریقہ کار میں صوبائی اسمبلی کی منظور شدہ قراردادوں، صوبے کی سیاسی و پارلیمانی جماعتوں کے متفقہ مؤقف اور عوامی نمائندوں کی مشاورت کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے تاکہ عوامی اعتماد اور تعاون کے ساتھ مؤثر اور پائیدار اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔

اجلاس کے شرکا نے خیبرپختونخوا میں ممکنہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتوں بالخصوص عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور جماعت اسلامی کے جمہوری مؤقف کا خیر مقدم کیا، دونوں کمیٹیوں نے دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ آئین کی بالادستی، جمہوری روایات اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اجلاس نے واضح کیا کہ آئینی و قانونی حقوق، بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور دیگر جائز مطالبات کے حصول کیلئے پُرامن احتجاج تحریک انصاف کا آئینی و جمہوری حق ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی مصروفیات کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے اس لیے ان کے ساتھ کسی اختلاف یا اختلافی گفتگو کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی کے تمام ارکان نے متفقہ طور پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا، اور کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں، وہ مصروفیات کی وجہ سے آج کے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ سیاسی صورتحال، بالخصوص خیبرپختونخوا میں کسی غیر معمولی آئینی یا انتظامی اقدام کی صورت میں سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی دوبارہ مشترکہ اجلاس کرکے آئندہ کا متفقہ لائحۂ عمل طے کریں گی، تحریک انصاف آئین کی بالادستی، عوامی مینڈیٹ کے احترام، جمہوری اداروں کے تحفظ اور پُرامن سیاسی جدوجہد کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔