کراچی: رینجرز اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، 5 بین الصوبائی انسانی سمگلر گرفتار

کراچی: رینجرز اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، 5 بین الصوبائی انسانی سمگلر گرفتار

ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق گرفتار ملزمان غیر قانونی افغان باشندوں کو حب سے کراچی منتقل کرتے تھے۔

رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالعزیز بروہی، محمد بخش دشتی، علی حسن بروہی، ندیم بروہی اور جمیل بروہی کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان غیر قانونی افغان باشندوں کو حب میں عارضی رہائش بھی فراہم کرتے تھے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ، منشیات اور سوزوکی لوڈر گاڑی برآمد کی گئی ہے۔ انسانی سمگلر گرفتاری سے بچنے کے لیے منگھو پیر، بند مراد، سرجانی اور نادرن بائی پاس کے کچے راستے استعمال کرتے تھے۔

رینجرز کے مطابق ملزمان ایک خاندان کو کراچی منتقل کرنے کے عوض تقریباً 2 لاکھ روپے وصول کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ایک ماہ کے دوران تقریباً 230 غیر قانونی افغان باشندوں کو کراچی منتقل کیا۔

ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق انسانی سمگلنگ کے لیے چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا بھی استعمال کیا جاتا تھا، جبکہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

ترجمان رینجرز سندھ نے مزید بتایا کہ اسی نوعیت کا ایک گروہ دہشت گردی کے حملوں میں ملوث ملزمان کو بلوچستان سے کراچی منتقل کرنے میں بھی معاونت کرتا رہا۔