وفاقی وزارتِ تعلیم اور گوتھ اے آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت، مفت پریمیم سبسکرپشنز کا اعلان

وفاقی وزارتِ تعلیم اور گوتھ اے آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت، مفت پریمیم سبسکرپشنز کا اعلان

پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال اور جدید تعلیمی سہولتوں کے فروغ کے لیے وفاقی وزارتِ تعلیم اورگوتھ اے آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی شرکت کی۔

وزیراعظم شہبازشریف نےکہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اورجدید ٹیکنالوجی سے مستفید کرنے کے لیے پُرعزم ہے، طلبہ کی تعلیم اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو خوراک، رہائش، مفت یونیفارم اور جدید تعلیمی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، دانش سکول معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی انقلاب لانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، دانش سکولوں کی تعمیر میں معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ جدید تدریسی طریقوں کے ذریعے تعلیمی شعبے میں مزید بہتری کے مواقع تلاش کیے جائیں گے، گوتھ اے آئی کی جانب سے پاکستان کے لیے چار ہزارمفت سبسکرپشنز کی فراہمی قابلِ تحسین ہے۔

وزیراعظم نےکہا کہ گوتھ اے آئی کے ساتھ یہ شراکت داری پاکستان کی ترقی اورخوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی، جبکہ اس اقدام سے طلبہ، اساتذہ اور نوجوان نسل کے لیے ترقی کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔