سرکاری حج سکیم: واجبات کی دوسری قسط کی ادائیگی کا آج آخری روز

سرکاری حج سکیم: واجبات کی دوسری قسط کی ادائیگی کا آج آخری روز

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق اب تک 97 ہزار سرکاری عازمینِ حج نے دوسری قسط کی رقم جمع کروا دی ہے، جس کے نتیجے میں نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے قومی خزانے کو کل 61 ارب روپے موصول ہو چکے ہیں۔

ترجمان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 45 ہزار 245 عازمین نے ون لنک کے ذریعے جبکہ 3 ہزار 685 افراد نے ڈیبٹ/کریڈٹ کارڈز کے ذریعے رقم ادا کی، 47 ہزار 563 عازمینِ حج نے روایتی طریقے سے بینکوں میں جا کر چالان کے ذریعے اپنے واجبات جمع کروائے۔

ترجمانِ مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ جن عازمین نے ابھی تک دوسری قسط کی ادائیگی نہیں کی، وہ ادائیگی کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل یا پاک حج ایپ کا فوری استعمال کریں۔

علاوہ ازیں، تمام عازمینِ حج کے لیے طبی معائنے کی شرط کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، عازمینِ حج کے لیے حج پورٹل پر موجود میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کر کے رجسٹرڈ ڈاکٹر سے تصدیق کروانا اور اسے دوبارہ پورٹل پر اپلوڈ کرنا لازمی ہوگا۔

وزارتِ مذہبی امور نے تمام عازمینِ حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج سے متعلق تمام نئی معلومات، اعلا نیوں اور ضروری ہدایات سے باخبر رہنے کے لیے پاک حج ایپ کو باقاعدگی سے استعمال کریں۔