وسیم عباس ہلاکت کا معاملہ، یتیم خانے کی انتظامیہ بھی شاملِ تفتیش

وسیم عباس ہلاکت کا معاملہ، یتیم خانے کی انتظامیہ بھی  شاملِ تفتیش

پولیس ذرائع کے مطابق  گاڑی تلے روند کر یتیم نوجوان وسیم عباس کو قتل کیے جانے کے واقعے کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ یتیم خانے کی تمام انتظامیہ کو شاملِ تفتیش کرلیا گیا ہے، جبکہ یتیم خانے کے ذمہ داران کو ریکارڈ سمیت ریجنل پولیس آفس (آر پی او) ملتان طلب کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب  یتیم خانے کے انتظامی عہدے داران سے آر پی او آفس ملتان میں پوچھ گچھ جاری ہے اور واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وسیم عباس نامی یتیم نوجوان کی گاڑی تلے کچلے جانے کے نتیجے میں ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق وسیم عباس یتیم خانے میں رہائش پذیر تھا اور یتیم خانے کی انتظامیہ نے اسے مبینہ طور پر ایک ٹھیکیدار کے پاس کام کے لیے بھیجا تھا، جسے اس معاملے میں ملزم بتایا جارہا ہے۔