خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پوری امت مسلمہ متحد ہے، جبکہ سعودی عرب کے دفاع کے لیے اگر کوئی معاہدہ بھی نہ ہوتا تو پاکستان پھر بھی لبیک کہتا۔
وفاقی دارالحکومت میں تعظیم حرمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ہم امت مسلمہ کے اتحاد کے داعی ہیں اور حرمین شریفین کے تحفظ کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو باہمی اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل نے سعودی عرب کی جانب حوثی ملیشیا کے میزائل داغے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں کسی قسم کی نرمی یا رعایت نہیں ہونی چاہیے۔
علامہ طاہر اشرفی نے واضح کیا کہ سعودی عرب کے دفاع کے لیے پاکستان کا مؤقف اصولی ہے اور کسی معاہدے کی عدم موجودگی میں بھی پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے لبیک کہتا۔
انہوں نے ایرانی صدر کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو متحد ہونا چاہیے،مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حرمین شریفین کے تحفظ اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔