خلاصہ
- پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات تفویض کر دیئے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایکس پر بیان میں کہا کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اختیارات تفویض کئے، ضلعی سطح پر بروقت اور مؤثر انسدادی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے گا، ڈپٹی کمشنر کو اختیارات ملنے سے انتظامی تاخیر بھی کم ہوگی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ موجودہ امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر میں نے ویسٹ پاکستان مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3(1) کے تحت خیبر پختونخوا کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات تفویض کیے ہیں تاکہ ضلعی سطح پر بروقت اور مؤثر انسدادی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی تاخیر کو کم کیا جا سکے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنایا جا سکے، تاہم ان اختیارات کا استعمال آئین اور قانون کے مطابق سختی سے کیا جانا چاہئے۔
گورنر کے پی کا کہنا ہے کہ میری تمام ڈپٹی کمشنرز سے توقع ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور باہمی تعاون کے ذریعے فرائض انجام دیں گے، ان اختیارات کا کسی بھی صورت میں غلط استعمال نہیں ہونا چاہئے۔
انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ امن و امان کا قیام، سلامتی اور عوام کا تحفظ میری اولین ترجیح ہیں۔