سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا آغاز ہوگیا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا، پاکستان بھر سے 4 ہزار 634 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

لاہور میں سب سے زیادہ 1498 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، صدارتی نشست پر احسن بھون گروپ سے امجد علی شاہ اور حامد خان گروپ سے سردار امان خان مدمقابل ہیں۔

سپریم کورٹ بار کے الیکشن میں راولپنڈی اسلام آباد کے 864 وکلا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

اس کے علاوہ سندھ سے 600 سے زائد وکلا ووٹ کاسٹ کریں گے، کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں پولنگ ہوگی۔

سندھ سے نائب صدر کیلئے عبدالوہاب بلوچ اور جام آصف امیدوار ہیں، ایگزیکٹو کمیٹی کی دو نشستوں کیلئے چار امیدوار ہیں، پروفیشنل گروپ سے عامر جمیل ورک اور غلام مجتبیٰ ایگزیکٹو کمیٹی کے امیدوار ہیں، جبکہ انڈپینڈنٹ گروپ کی جانب سے ارشد مبین اور اعجاز اعوان امیدوار ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں پولنگ تاخیر کا شکار ہے، پریذائیڈنگ افسر اشتیاق میمن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا عملہ پولنگ ایجنٹس کا منتظر ہے، پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بیلٹ مٹیریل ڈی سیل کیا جائے گا۔