خلاصہ
- کراچی :(دنیا نیوز) شہرِ قائد میں چار گھنٹوں کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق جب کہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شیر شاہ کے علاقے میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جان کی بازی ہار گیا، جبکہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر 15 بنگلہ بازار کے قریب تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے ایک اور موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
اورنگی ٹاؤن حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت طلحہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر 20 سال تھی اور وہ گوشت کا کاروبار کرتا تھا۔
دوسری جانب جاں بحق نوجوان کے لواحقین نے عباسی شہید ہسپتال میں ’دنیا نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں ملوث ٹریلر اور اس کے ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ تیز رفتاری کی بنیاد پر حادثات پیش آرہے ہیں، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔
مقتول طلحہ کے بھائی نے مزید بتایا کہ بھائی کے حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری ہسپتال پہنچا، تاہم وہاں دیکھا تو بھائی دم توڑ چکا تھا۔