خلاصہ
- لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کوغیر معمولی محنت اور انتظامی صلاحیت دوسروں سے ممتاز کرتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں بتایا کہ آج کے اجلاس میں پنجاب کے 40 اضلاع اور 154 تحصیلوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جب کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور پر بریفنگ لی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کی زیر صدارت دو گھنٹے طویل اجلاس میں ہوا جس میں ہر چھوٹے بڑے عوامی مسئلے پر تفصیلی بریفنگ لی گئی۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام، سکولوں اور ہسپتالوں کی صورتحال، گرین بیلٹس، فیملی پارکس، کھلے مین ہولز، سٹریٹ لائٹس اور قبرستانوں کی دیکھ بھال سمیت مختلف عوامی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آوارہ کتوں کی روک تھام،غیر قانونی بینرز کے خاتمے، ریڑھی بازاروں اور ماڈل مارکیٹس کو منظم کرنے کے امور بھی زیر غور آئے۔
اِسی طرح اجلاس میں بس اڈوں کی صفائی، اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں کی خوبصورتی و دیکھ بھال، سڑکوں کے گڑھوں کی مرمت اور خصوصی روڈ مینٹیننس سکواڈز کے قیام پر بھی غور کیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ کوئی روایتی اجلاس نہیں تھا بلکہ عوامی خدمت کے ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا، گڈ گورننس صرف بڑے منصوبوں کے اعلانات کا نام نہیں بلکہ ہر گلی، سڑک، سکول، ہسپتال اور عوامی مقام پر شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا نام ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی انتظامی صلاحیتوں، محنت، جدت اور ہر تفصیل پر نظر رکھنے کے انداز کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو ایسی ہی متحرک اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار قیادت کی ضرورت تھی۔
مریم اورنگزیب نے اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو شاباش بھی دی۔