پاکستان
خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یو آئی (ف) کے رہنما اسعد محمود کے گرد پاکستان پوسٹ میں غیر قانونی بھرتیوں اور دیگر مقدمات میں گھیرا تنگ ہونے لگا، ایف آئی اے نے قانونی طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر اسعد محمود کو دانستہ ڈیفالٹر اور تفتیش سے روپوش قرار دے دیا۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے اسعد محمود کا نام پی این آئی ایل اور اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش بھی کردی، ایف آئی اے حکام نے انکوائری کو باقاعدہ مقدمے میں تبدیل کرنے اور مختلف قانونی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی سفارش کردی ہے۔
ایف آئی اے نے اسعد محمود کو پاکستان پوسٹ میں غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات کے لیے 2 نومبر کو طلب کیا تھا، تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔
دوسری جانب سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان، اسعد محمود اور دیگر رہنماؤں کے خلاف کرپشن سمیت دیگر مقدمات میں قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔