بانی پی ٹی آئی اور وکلاء کی ملاقات کل سہ پہر تین بجے ہوگی: ذرائع کا دعویٰ

بانی پی ٹی آئی اور وکلاء کی ملاقات کل سہ پہر تین بجے ہوگی: ذرائع کا دعویٰ

باوثوق ذرائع کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید ملک اور وکلاء کے درمیان ملاقات کل بدھ کو سہ پہر تین بجے ہوگی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات میں سینئر وکیل لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر شریک ہوں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر ایڈووکیٹ جنرل نوید ملک بانی پی ٹی آئی اور ان کے وکلاء کے درمیان ملاقات کا انتظام کریں گے۔ 

 اسلام  آباد ہائیکورٹ کے حکم کا پس منظر

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے یہ حکم مجرمان کی طرف سے ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کے مقدمے (القادر ٹرسٹ کیس) میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران دیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے سابق وزیر اعظم کے وکیل سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملاقات کا یہ حکم قانون کے مطابق دے رہے ہیں اور یہ نہ ہو کہ آپ آکر عدالت سے استدعا کریں کہ پانچ مزید افراد کو عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جانے والے افراد میں شامل کیا جائے۔

بینچ کے سربراہ نے سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل ان کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات ہوئی تھی اور اب آپ دوبارہ ان سے کیوں ملاقات کرنا چاہ رہے ہیں، اس پر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ان کی ملاقات تو ضرور ہوئی لیکن وقت ناکافی تھا اس لیے ان کی اپنے موکل سے دوبارہ ملاقات ضروری ہے۔

عدالت نے پہلے سردار لطیف کھوسہ کی بشریٰ بی بی اور عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی اور پھر سلمان صفدر کو بھی اپنے موکل سے ملاقات کرنے کی اجازت دے دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات اڈیالہ جیل میں ایک گھنٹے کے لیے ہوگی۔

اس سے قبل اپیلوں کی سماعت کے دوران سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی سے جب ان کی ملاقات ہوئی تو انھوں نے بتایا کہ چھ ماہ پہلے حکام انھیں سرجری کروانے لے گئے اور اب 15 نومبر دوبارہ میرا آپریشن کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق میڈیکل بورڈ بننا چاہئے، سپریم کورٹ میں جیل حکام نے تسلیم بھی کیا کہ بشری بی بی کی انکھوں کا مسئلہ ہے۔

سلمان صفدر نے کہا کہ صحت کی بنیاد پر انہوں نے ابھی تک ضمانت کی درخواست دائر نہیں کی اور عدالتیں خواتین کے معاملے کو ہمیشہ سے نرمی سےدیکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا جیل میں علاج ممکن نہیں، بشری بی بی کا علاج ہو جائے تو ان اپیلوں پر بھی دلائل دے دیں گے۔

اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل نوید ملک نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کا جیل میں علاج ہو رہا ہے، علاج ہر کسی کا بنیادی حق ہے اور حکومت اپنی ذمہ داری سے غافل نہیں ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے بشریٰ بی بی کو کب کب علاج کی سہولتیں فراہم کی گئیں اس متعلق تفصیلات عدالت میں جمع کروائیں۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ جیل حکام سے اس کی تفصیلات طلب کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک خاتون کی سرجری ہوتی ہے اور اسی روز انھیں واپس سیل میں بند کر دیا جاتا ہے، ڈاکٹرز نے ایمرجنسی میں سرجری کی اور اسے دوبارہ جیل میں فوری بند کرنا بالکل بھی ٹھیک نہیں۔

سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ بشری بی بی ٹھیک ہو جاتی ہیں تو میں اپیل پر دلائل شروع کر دیتا ہوں۔

نوید ملک نے عدالت کو بتایا کہ میڈیکل بورڈ آٹھ نومبر کو بھی بشری بی بی کا چیک اپ کرنے گیا تھا۔