ڈی آئی خان: دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانے سے ٹکرا دی، قریبی مسجد کو نقصان

ڈی آئی خان: دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانے سے ٹکرا دی، قریبی مسجد کو نقصان

ترجمان پولیس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے بندکورائی پولیس سٹیشن کے گیٹ پر بارودی پک اپ گاڑی ٹکرائی اور فائرنگ بھی کی، دھماکے کے نتیجے میں تھانے کا گیٹ، دیوار اور قریبی مسجد کو نقصان پہنچا جبکہ اطراف کے گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

پولیس کے مطابق پولیس اہلکاروں کی بھرپور جوابی فائرنگ کے باعث دہشت گرد تھانے کی حدود میں داخل نہ ہو سکے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تھانے میں تعینات تمام پولیس جوان محفوظ رہے، تھانہ بند کورائی پر حملے کے دوران پولیس اہلکاروں نے پیشہ ورانہ تربیت، مستعدی اور جرات کا مظاہرہ کیا۔

حملے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان موقع پر پہنچ گئے، سکیورٹی انتظامات اور صورتحال کا جائزہ لیا، حملے کی آواز سنتے ہی مقامی شہری بھی پولیس کی حمایت میں تھانے کے قریب پہنچ گئے۔

ترجمان کے مطابق پولیس کی بروقت کارروائی اور اہلکاروں کی ثابت قدمی سے دہشت گردوں کا تھانے کو نشانہ بنانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، پولیس اور سکیورٹی فورسز نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔