سلامتی کونسل میں پاکستان کی سعودیہ پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت

سلامتی کونسل میں پاکستان کی سعودیہ پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے قرارداد 2140 (2014ء) کے تحت قائم کردہ پابندیوں کی تجدید اور 2140 کمیٹی کی معاونت کرنے والے ماہرین کے پینل کے مینڈیٹ میں توسیع کے بعد خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سید حیدر شاہ نے اس قرارداد کا خیرمقدم کیا اور یمن میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے کمیٹی کے کام کی اہمیت پر زور دیا۔

خطے کی سنگین سکیورٹی صورتِ حال کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے دہشت گرد حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے مملکت سعودی عرب کی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کی پختہ حمایت کا اعادہ کیا۔

سفیر سید حیدر شاہ نے سعودی عرب کے اس جائز حق پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے علاقے کا دفاع اور اپنے شہریوں اور وہاں مقیم افراد کا تحفظ کرے، انہوں نے حوثیوں ملیشیا کے قابلِ مذمت حملوں کے فوری اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے برطانیہ کی تعمیری کوششوں کو سراہا، جو قرارداد کی منظوری کے لیے ہونے والے مذاکرات کے دوران بطور قلم دان ملک مسلسل اپنا کردار ادا کرتا رہا، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تاکہ 2140 کمیٹی کے کام کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یمن کے امن، سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے والے افراد اور اداروں کا احتساب پائیدار امن کے قیام کے لیے ضروری ہے۔

پابندیوں کے نظام پر عمل درآمد کے حوالے سے انہوں نے سلامتی کونسل کے قائم کردہ ادارہ جاتی نظام کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ ماہرین کے پینل کو اپنے مینڈیٹ کے مطابق پیشہ ورانہ مہارت، غیر جانب داری اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دینی چاہئیں، تاکہ اس کے کام کی ساکھ اور مؤثریت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

یمن میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سید حیدر شاہ نے ایک جامع سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اقوام متحدہ کی قیادت میں جاری کوششوں کی اہمیت پر زور دیا، ایسا سیاسی عمل جس کی قیادت یمن کے عوام خود کریں اور جو یمن ہی کی ملکیت ہو۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان یمن میں امن، استحکام اور سلامتی کی بحالی اور وہاں کے عوام کی شدید انسانی مشکلات کو کم کرنے کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کے لیے تیار ہے۔