خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، متعدد علاقوں میں بوندا باندی سے لاہور کی فضا میں آلودگی کی سطح بھی کم ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شام سے چلنے والی ہواؤں اور مختلف علاقوں میں ہونے والی بوندا باندی کے باعث فضا کے معیار میں قدرے بہتری آئی ہے، لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کم ہو کر 111 تک آ گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ دن کے مختلف اوقات میں کہیں کہیں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 جبکہ کم سے کم 17 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔
اس کے علاوہ بہاولپور میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں اے کیو آئی 520 تک پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری سے موسم انتہائی سرد ہوگیا، بابوسر ٹاپ پر شدید برفباری کے باعث بیسر سے آگے راستے بند ہوگئے، خراب موسم کے باعث دو آئل ٹینکر پھنس گئے، اپر ہنزہ کے پہاڑوں اور خنجراب پاس پر بھی برفباری ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔