ناران اور گردونواح میں بارش، برفباری: بابوسر ٹاپ آمدورفت کیلئے بند

ناران اور گردونواح میں بارش، برفباری: بابوسر ٹاپ آمدورفت کیلئے بند

وادی ناران میں گزشتہ پانچ گھنٹوں سے مسلسل برف باری ہو رہی ہے، جبکہ لولوسر جھیل، گٹی داس میڈوز اور بابوسر ٹاپ نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

موسم کی خرابی اور مسلسل برف باری کے پیش نظر بابوسر ٹاپ کو آمدورفت کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب بالائی علاقوں میں موسم سرما کی آمد کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی محدود ہو گئی ہیں، بڑاوئی اور بٹہ کنڈی میں تمام کاروباری سرگرمیاں آئندہ پانچ ماہ کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔

بٹہ کنڈی میں قائم ہوٹلز، دکانیں اور پیٹرول پمپس بھی برف باری کے پیش نظر آئندہ سیاحتی سیزن تک بند کر دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب جھیل سیف الملوک پر بھی برف باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس سے علاقے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔