دہشتگردی سیاسی مسئلہ نہیں، جرم ہے، سرمایہ کار ہمارے ہیرو ہیں: ملک احمد خان

دہشتگردی سیاسی مسئلہ نہیں، جرم ہے، سرمایہ کار ہمارے ہیرو ہیں: ملک احمد خان

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے کاروباری افراد اور تجارتی برادری خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔

دہشتگردی کا ایک واقعہ پوری معیشت، سٹاک مارکیٹ اور کاروباری ماحول کو متاثر کر سکتا ہے، اس کے باوجود ملک میں بڑے پیمانے پر صنعتوں اور دیگر کاروباروں میں سرمایہ کاری کرنا قابلِ قدر اقدام ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے دہشتگردی کے خلاف حکومت، فیلڈ مارشل اور مسلح افواج کے عزم کو بھی سراہا، بندوق اٹھانے اور دہشتگردی میں ملوث عناصر کے ساتھ سیاسی حل تلاش نہیں کیا جا سکتا، بلکہ ایسے عناصر کا مقابلہ کرکے ان کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

ملک احمد خان نے ماضی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغان جہاد، سٹریٹجک ڈیپتھ اور بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کو پاکستان میں آباد کرنے جیسے فیصلوں کے اثرات آج سامنے آ رہے ہیں، ان پالیسیوں کے نتائج ملک اور آنے والی نسلیں کئی دہائیوں سے بھگت رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف موجودہ عزم کو برقرار رکھنا ضروری ہے، کیونکہ اس مسئلے نے پاکستانی عوام کو طویل عرصے سے خوف کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور کر رکھا ہے۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جتنے زیادہ انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں گے، ان کے لیے اتنے ہی زیادہ مالی وسائل اور بجٹ درکار ہوں گے، اس لیے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر اخراجات اور دستیاب وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے قابلِ عمل طریقہ کار اختیار کرنا چاہیے۔