خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ملک کا نظام تباہ ہو چکا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے درست نشاندہی کی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا وزیراعظم اپنے وزرا کو کنٹرول نہیں کر سکتے تو نظام کیسے چلے گا، پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، اسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
اُنہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ملک کے بڑے سیاسی رہنما ہیں، ان کے سیاسی مطالبات کو مذاکرات کا حصہ بنائے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عوام کے دلوں میں جڑیں رکھنے والی سیاسی جماعت کو نظرانداز کرکے نظام نہیں چلایا جا سکتا، جمہوریت کی بحالی، آئین کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا ہوگا، جبکہ جبر کے خلاف بھی مشترکہ آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق مطالبہ کیا کہ 18 اگست 2026 کے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے انہیں ہسپتال منتقل کیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہنوں کو آزاد اور غیرجانبدار میڈیکل بورڈ کے ہمراہ طبی معائنے میں شامل کیا جائے اور تمام ضروری طبی ٹیسٹ کرائے جائیں تاکہ اصل حقائق قوم کے سامنے آسکیں۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کے مطابق سب اچھا ہے تو بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے سے گریز کیوں کیا جا رہا ہے؟ ان سے ملاقاتیں ان کا حق ہیں، اس مقصد کے لیے مستقل نظام بنایا جائے۔
سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ ملاقاتوں کو حکومتی صوابدید سے مشروط کرنا قابل قبول نہیں ہوگا، بانی پی ٹی آئی اپنی مرضی کے لوگوں سے ملاقات کرنے کا حق رکھتے ہیں، عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔