پاکستان
خلاصہ
- پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے تین پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں منظور کیں۔
عدالت نے تینوں رہنماؤں کی عبوری ضمانت 23 نومبر 2026 تک منظور کرتے ہوئے تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کیا، دورانِ سماعت درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکلان کے خلاف مقدمہ 10 مئی 2023 کو تھانہ شرقی میں درج کیا گیا تھا، جس میں دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
دوسری جانب وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ بدنیتی اور درخواست گزاروں کی سیاسی وابستگی کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے۔
مزید برآں عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد تینوں رہنماؤں کو تفتیش میں شامل ہونے اور متعلقہ تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کا حکم بھی دے دیا۔