پاکستان
خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سعید غنی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام اپنے مستقبل اور مؤثر گورننس کے حوالے سے اپنی رائے دینا چاہتے ہیں تو انہیں اس حق سے محروم کیوں رکھا جائے؟
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عوامی رائے سامنے آنے سے پہلے ہی فیصلہ مسلط کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ ریفرنڈم کوئی غیر آئینی مطالبہ نہیں بلکہ آئین میں موجود ایک جمہوری راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھی جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی دعوے دار ہے، اسے عوام سے رائے لینے میں ہچکچاہٹ کیوں ہے؟
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا حسن یہی ہے کہ فیصلے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ہوں، عوام کو بولنے دیا جائے، ان کی رائے کا احترام کیا جائے اور جو فیصلہ عوام دیں اسے تسلیم کیا جائے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عوامی رائے کو ترجیح دینا ہی جمہوری رویہ ہے اور یہی عوامی سیاست کا تقاضا ہے۔