خلاصہ
- ماسکو: (شاہد گھمن) روس میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر کو تین روزہ سرکاری دورے پر ماسکو پہنچیں گے جہاں روسی صدر پوتن سے اہم ملاقات ہوگی۔
روس میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان ہاؤس ماسکو میں دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ دورے کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان 12 سے 14 معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں جبکہ تقریباً 140 پاکستانی کمپنیاں بھی ماسکو آئیں گی۔
پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا کہنا ہے کہ پاک روس تجارت آئندہ دو سال میں تین سے چار ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، وزیراعظم روسی صدر سے پاکستانی تاجروں اور طلبہ کے ویزا مسائل، براہِ راست پروازوں کی بحالی اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد سے ماسکو پہلی مال بردار ٹرین چلانے کی بھی تیاری جاری ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ اسلام آباد سے ماسکو کیلئے پہلی مال بردار ٹرین رواں سال کے اختتام تک روانہ ہوگی، ٹرین اسلام آباد، کوئٹہ اور تفتان کے راستے ایران سے گزر کر روس پہنچے گی۔