بچے دادی کے حوالے کرنے سے متعلق گارڈین کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار

بچے دادی کے حوالے کرنے سے متعلق گارڈین کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد عثمان غنی راشد چیمہ نے نبیلہ ضیاء کوثر کی درخواست پر 22 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق درخواست گزار نبیلہ ضیاء کوثر کی بیٹی فاطمہ ضیاء کی شادی 2016 میں محمد عثمان سے ہوئی تھی، اس شادی سے دو بیٹے عبدالرحمان اور محمد موسیٰ پیدا ہوئے۔

24 نومبر 2022 کو فاطمہ ضیاء کو قتل کر دیا گیا جس کے بعد بڑا بیٹا عبدالرحمان اپنی دادی زرینہ بیگم جبکہ چھوٹا بیٹا محمد موسیٰ اپنی نانی نبیلہ ضیاء کوثر کے پاس رہنے لگا، بچوں کا والد گزشتہ تقریباً 15 سال سے اٹلی میں مقیم ہے اور اس نے دوسری شادی بھی کر رکھی ہے۔

فیصلے کے مطابق نانی نے بڑے نواسے عبدالرحمان کی حوالگی کے لیے گارڈین کورٹ سے رجوع کیا جبکہ بچوں کے والد اور دادی نے چھوٹے بیٹے محمد موسیٰ کی حوالگی کی درخواست دائر کی۔

گارڈین کورٹ گجرات نے 29 جون 2024 کو فیصلہ سناتے ہوئے بڑے بچے کی حوالگی کی درخواست مسترد جبکہ چھوٹے بچے کو بھی دادی کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا، بعد ازاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج گجرات نے بھی ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا۔

جسٹس عثمان غنی راشد چیمہ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ بچوں کی حوالگی کے معاملات میں سب سے اہم چیز ان کی فلاح و بہبود ہے، صرف والد ہونے یا مالی طور پر مضبوط ہونے کی بنیاد پر بچوں کی حوالگی کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا بلکہ یہ دیکھنا ضروری ہے کہ بچوں کی روزمرہ دیکھ بھال کون کرے گا اور انہیں کس ماحول میں بہتر پرورش مل سکتی ہے۔

عدالت نے سوال اٹھایا کہ بچوں کا والد مستقل طور پر بیرون ملک مقیم ہے تو اس کی عدم موجودگی میں بچوں کی دیکھ بھال کون کرے گا؟ دادی کی عمر 80 سال ہے اور انہوں نے اپنی صحت کے مسائل کا بھی اعتراف کیا ہے، اس لیے ان کی بچوں کی دیکھ بھال کرنے کی صلاحیت اور دستیاب معاونت کا جائزہ لینا ضروری تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ مسلم عائلی قانون کے تحت والدہ کی عدم موجودگی میں سات سال سے کم عمر لڑکے کی حضانت کے لیے نانی کو ترجیحی حق حاصل ہے، تاہم یہ حق بچوں کی فلاح و بہبود سے مشروط ہے، بچوں کی موجودہ رہائش، ان کے ساتھ جذباتی وابستگی اور دونوں بھائیوں کو اکٹھا رکھنے کے پہلو کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ سمجھ بوجھ رکھنے والے بچے کی خواہش معلوم کرنا بھی ضروری ہے، بچوں کو محض والدین یا رشتہ داروں کی ملکیت نہیں سمجھا جا سکتا بلکہ ان کے اپنے حقوق، جذبات اور ضروریات ہیں جن کا تحفظ عدالتوں کی ذمہ داری ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے دونوں ماتحت عدالتوں کے فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے مقدمات دوبارہ گارڈین کورٹ گجرات کو بھجوا دیے، عدالت نے حکم دیا کہ بچوں کی موجودہ تحویل فی الحال برقرار رکھی جائے اور دونوں بھائیوں کی آپس میں اور ان کے متعلقہ اہل خانہ سے باقاعدہ ملاقاتوں کا انتظام کیا جائے، گارڈین کورٹ کو دونوں مقدمات کا فیصلہ مصدقہ نقل موصول ہونے کے 90 روز کے اندر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔