صدر مملکت سے سپیکر بنگلا دیش اسمبلی کی ملاقات، تجارتی اور تعلیمی تعاون بڑھانے پر زور

صدر مملکت سے سپیکر بنگلا دیش اسمبلی کی ملاقات،  تجارتی اور تعلیمی تعاون بڑھانے پر زور

صدر آصف علی زرداری نے ملاقات کے دوران زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات خودمختار مساوات، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر استوار ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک مشترکہ تاریخ اور ثقافتی روابط رکھتے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پارلیمانی، تجارتی اور تعلیمی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، زراعت، صنعت، فوڈ سکیورٹی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ڈیجیٹل گورننس اور دفاع کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

آصف علی زرداری نے اُمید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان زیر غور تقریباً 26 مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی، اُنہوں نے بنگلا دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر کے دورہ پاکستان کو دوطرفہ تعلقات میں مزید پیش رفت کا ذریعہ قرار دیا۔

دوسری جانب صدر مملکت نے پارلیمانی روابط مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ قائم کرنے کی کوششوں کا بھی خیرمقدم کیا۔