خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت پنجاب میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام سے متعلق اجلاس سپریم کورٹ لاہور برانچ رجسٹری میں منعقد ہوا، جس میں ابتدائی طور پر فیصل آباد اور میانوالی میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز اور فیملی کورٹس کے قیام کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، رجسٹرار سپریم کورٹ، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ، سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب راجہ جہانگیر انور، چیف آرکیٹیکٹ احمد مدثر اور جنرل منیجر ایس پی یو مظہر منصور نے شرکت کی، ملک گیر ڈیزائن مقابلے میں کامیاب ہونے والے آرکیٹیکٹ رضا زاہد بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ملک بھر میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کا قیام سال 2026-27 کے لیے لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی اہم ترجیح ہے، ان مراکز میں خواتین کو ون ونڈو نظام کے تحت عدالتی معلومات، قانونی رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ فیملی کورٹس کے ساتھ ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام سے خواتین کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہوگی، مجوزہ مراکز میں استقبالیہ، رہنمائی ڈیسک، مخصوص انتظار گاہیں، صاف ستھرے واش رومز اور علیحدہ مشاورتی کمرے قائم کیے جائیں گے۔
مراکز میں ثالثی کے لیے خصوصی کمرے، بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ڈے کیئر سینٹرز اور خواتین کو قانونی مشورے، قانونی معاونت اور نفسیاتی و سماجی مدد فراہم کرنے کی سہولیات بھی موجود ہوں گی، متبادل حلِ تنازعات اور ضرورت کے مطابق متعلقہ اداروں سے رجوع کرنے میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔
معذوری کی حامل خواتین کے لیے آسان داخلی راستے، ریمپس اور واضح رہنما علامات فراہم کرنے کے علاوہ خاندانی مقدمات میں بچوں سے ملاقات کے لیے مناسب جگہ بھی مختص کی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے ڈیزائن کے لیے انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کے زیر اہتمام ملک گیر مقابلہ منعقد کیا گیا تھا، جس میں کامیاب ہونے والے تین بہترین ڈیزائنز تمام ہائی کورٹس کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں فیصل آباد اور میانوالی کے لیے مجوزہ ڈیزائنز کو مقامی ضروریات کے مطابق ڈھالنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، مراکز کے ڈیزائن میں خواتین کی رازداری، آسان رسائی اور مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو خصوصی اہمیت دینے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ، لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان اور محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام کا مقصد خواتین کے لیے انصاف تک رسائی کو مزید آسان، محفوظ اور باوقار بنانا ہے۔