علاقائی
خلاصہ
- فیروزوالہ: (دنیا نیوز) عیدی کے نام پر شہریوں سے پیسے مانگنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف پنجاب پولیس نے تاریخ میں پہلی بار بھیک مانگنے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لئے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہر بھر کے پولیس اہلکاروں غیر قانونی عمل سے باز رہنے کی ہدایت بھی کر دی۔
پولیس کے مطابق تھانہ شاہدرہ میں پولیس اہلکاروں کا شہریوں سے روپے مانگنے کا انکشاف ہوا، ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ڈی پی او اسلام پورہ کو انکوائری مارک کی اور شکایت درست ثابت ہوئی۔
شکایت ثابت ہونے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف تھانہ شاہدرہ میں دو مقدمے درج ہوئے، جس پر پولیس اہلکاروں کے خلاف 155-C اور گداگری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے فیصل کامران کہا کہ عوام سے پیسے مانگ کر محکمہ پولیس کی ساکھ خراب کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
فیصل کامران نے کہا کہ ایسے بھکاریوں اور اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کی پولیس میں کوئی جگہ نہیں، پولیس فورس کا نام خراب کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی و محکمانہ کارروائی جاری رہے گی۔