علاقائی
خلاصہ
- کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں 26 اور 27 جون کو آنے والے زلزلوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 125 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، 19 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق دونوں زلزلوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 26 جون کو آنے والے زلزلے سے تقریباً 90 مکانات متاثر ہوئے تھے، جبکہ 6 افراد معمولی زخمی ہوئے، آج آنے والے زلزلے کے باعث مزید 35 مکانات کو نقصان پہنچا اور 13 افراد زخمی ہوئے۔
انتظامیہ کے مطابق زلزلوں کے فوری بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ زخمیوں اور متاثرہ افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
متاثرہ خاندانوں میں خیمے، بستر، باورچی خانے کا سامان، سولر لائٹس اور دیگر ضروری اشیائے ضرورت تقسیم کی جا رہی ہیں تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، زلزلوں سے ہونے والے نقصانات کے مکمل تخمینے کے لیے جامع سروے بھی جاری ہے۔