غیر ملکی شہریوں کو لوٹنے والا سائبر فراڈ نیٹ ورک پکڑا گیا، 3 ملزم گرفتار

غیر ملکی شہریوں کو لوٹنے والا سائبر فراڈ نیٹ ورک پکڑا گیا، 3 ملزم گرفتار

ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں چھاپہ مار کر سائبر مالیاتی فراڈ میں ملوث خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان بینک نمائندگان اور غیر ملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بن کر شہریوں کو ڈراتے تھے اور متاثرین کو خوفزدہ کر کے دھوکہ دہی سے رقوم بٹورتے تھے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران موبائل فونز قبضے میں لے لیے گئے جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف پیکا اور تعزیرات پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔