خلاصہ
- شیخوپورہ: (دنیا نیوز) گجر ٹاؤن میں پولیس ملازمین میاں بیوی کی جانب سے 9 سالہ گھریلو ملازمہ ایمان فاطمہ پر مبینہ بہیمانہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، بچی کا بازو ٹوٹ گیا جبکہ گرم سریا لگانے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
متاثرہ بچی کے والدین کے مطابق پولیس ملازمین وارث اور زنیرہ نے چوری کا الزام لگا کر ایمان فاطمہ کو مبینہ طور پر ڈنڈوں اور سوٹوں سے تشدد کا نشانہ بنایا اور گرم سریا بھی لگایا۔
متاثرہ بچی ایمان فاطمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملزمان مجھے بہت مارتے رہے، میں منت سماجت کرتی رہی لیکن انہوں نے رحم نہ کیا، ہمسائیوں نے مداخلت کرکے میری جان چھڑوائی اور پولیس کو اطلاع دی، پولیس والے مجھے ہسپتال چھوڑ کر چلے گئے۔
بچی کی والدہ نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے دھمکا کر بچی کے والد سے اسٹامپ پیپر پر زبردستی انگوٹھے بھی لگوائے۔
متاثرہ بچی کے والدین کا کہنا ہے کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ تو درج کر لیا لیکن بازو ٹوٹنے سے متعلق دفعات شامل نہیں کی گئیں۔
والدین نے مزید الزام لگایا کہ ملزمان کی جانب سے انہیں مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں، انہوں نے متعلقہ حکام سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔